یومِ تکبیر پر چھٹی ہو گی یا نہیں؟ حکومت پنجاب تذبذب کا شکار — کبھی عام تعطیل کا اعلان، کبھی تمام سکول کھولنے کے نوٹیفکیشن جاری؛ حکومت پنجاب کی واضح پالیسی نہ ہونے پر والدین کی شدید تنقید
جہلم (ایم سلطان) چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جہلم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 28 مئی 2025 کو یومِ تکبیر کے موقع پر ضلع بھر کے تمام سرکاری سکول صبح 07:30 بجے سے 09:30 بجے تک کھلے رہیں گے۔ اس دوران خصوصی تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو قومی تاریخ سے روشناس کرایا جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہدایت پر کیا گیا ہے تاکہ یومِ تکبیر کو قومی جذبے اور وقار کے ساتھ منایا جا سکے۔
تاہم، اس فیصلے نے والدین، اساتذہ اور طلبہ کو الجھن میں ڈال دیا ہے۔ ایک طرف حکومت عام تعطیل کا اعلان کرتی ہے، تو دوسری جانب ایسے نوٹیفکیشن جاری کیے جا رہے ہیں جن میں تمام تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
عوامی حلقوں میں اس بات پر شدید تنقید کی جا رہی ہے کہ حکومت پنجاب کی پالیسیوں میں تسلسل اور واضح حکمتِ عملی کا فقدان ہے۔ کبھی چھٹی کا اعلان کر دیا جاتا ہے تو کبھی اسکول کھولنے کے احکامات جاری کر دیے جاتے ہیں، جس سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ حکومت تذبذب کا شکار ہے اور بچوں کے مستقبل سے آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہے۔






