جہلم سمیت ضلع بھر میں شدید گرمی کا راج، درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچ گیا
جہلم (عابدمحمودچوہدری) جہلم اور گرد و نواح میں سورج آگ برسانے لگا، درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، شدید گرمی کے باعث شہر کی سڑکیں، بازار، گلیاں اور محلے سنسان ہو گئے۔ معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر، شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شدید گرمی کی لہر نے جہلم سمیت ضلع بھر کو لپیٹ میں لے لیا۔ سورج کی تپش اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے نے نظام زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا۔ بازاروں میں خریداروں کی کمی، سڑکوں پر ٹریفک کا فقدان اور گلی محلوں میں سناٹا دیکھنے میں آیا۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں ہیٹ ویو کے خدشات موجود ہیں، جس کے پیش نظر محکمہ صحت اور ڈاکٹروں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ڈاکٹروں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، ہلکے رنگ اور ہلکے کپڑے پہنیں۔ باہر نکلتے وقت سر پر کیپ یا چھتری، اور آنکھوں کے لیے دھوپ سے بچاؤ کی عینک کا استعمال کریں تاکہ دھوپ اور گرمی سے محفوظ رہا جا سکے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شدید گرمی کے دوران بزرگوں اور بچوں کا خاص خیال رکھیں اور گرمی سے بچاؤ کے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں۔






