0

دینہ الیکٹرانک اینڈ ڈیجیٹل میڈیا کے سالانہ انتخابات 2026-27 مکمل، پروفیشنل جرنلسٹ پینل نے 4 جبکہ یونائیٹڈ جرنلسٹ پینل نے 2 نشستیں جیت لیں، یاسر صدیق صدر اور ظہیر اختر بٹ جنرل سیکرٹری منتخب

دینہ (رپورٹ: الیون نیوز ویب) الیکٹرانک اینڈ ڈیجیٹل میڈیا کے سالانہ انتخابات برائے 2026-27 مکمل ہو گئے پروفیشنل جرنلسٹ پینل نے چار جبکہ یونائیٹڈ جرنلسٹ پینل نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ یاسر صدیق صدر اور ظہیراختر بٹ جنرل سیکرٹری منتخب

تفصیلات کے مطابق دینہ الیکٹرانک اینڈ ڈیجیٹل میڈیا کے سالانہ انتخابات 28 اکتوبر 2026 کو بھولا میرج ہال میں منعقد ہوئے۔ پولنگ کا عمل صبح 10 بجے شروع ہوا اور شام 4 بجے مقررہ وقت مکمل ہونے پر اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا۔

انتخابی عمل سید جہانگیر شاہ بخاری کی سرپرستی میں مکمل کیا گیا، جبکہ الیکشن کمیشن میں محمد الیاس کھوکھر، محمد ادریس چوہدری، سید ذوالقرنین شاہ اور صداقت حسین راجہ شامل تھے۔ الیکشن کمیشن کی نگرانی میں انتخابی عمل مکمل ہوا۔

انتخابات میں دو پینلز، پروفیشنل جرنلسٹ پینل اور یونائیٹڈ جرنلسٹ پینل کے امیدواروں نے حصہ لیا۔ نتائج کے مطابق صدر کی نشست پر یاسر صدیق، نائب صدر کی نشست پر رانا شفاقت علی راجپوت اور جنرل سیکرٹری کی نشست پر ظہیر اختر بٹ بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ انفارمیشن سیکرٹری کی نشست پر محمد علی اویس، جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر واجد مغل بلامقابلہ جبکہ فنانس سیکرٹری کی نشست پر رحمت شاہ کامیاب قرار پائے۔

مجموعی نتائج کے مطابق پروفیشنل جرنلسٹ پینل نے چار جبکہ یونائیٹڈ جرنلسٹ پینل نے دو نشستیں اپنے نام کیں، جس کے بعد نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

انتخابات کے موقع پر سیاسی، سماجی، فلاحی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی اور دینہ الیکٹرانک اینڈ ڈیجیٹل میڈیا کے جمہوری انتخابی عمل کو سراہا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے چیئرمین لہری راجہ جنید اقبال کیانی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے نومنتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

تقریب کے دوران کامیاب امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور انہیں مبارک باد دی گئی۔ انتخابی عمل کی تکمیل پر شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیداران صحافتی برادری کے مسائل کے حل، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور الیکٹرانک و ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے لیے اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں گے۔

الیون نیوز ویب — دینہ، ضلع جہلم

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں