پنجاب میں ناقص کارکردگی والے اعلی پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا آئی جی پنجاب کو فری ہینڈ
لاہور:(الیون نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جرائم کی روک تھام اور پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ناقص کارکردگی کے حامل ڈی پی اوز اور آر پی اوز کے خلاف کارروائی کے لیے آئی جی پنجاب کو مکمل اختیار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق، 15 اضلاع میں پولیس کی کارکردگی کا خصوصی جائزہ لیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم سمیت سنگین جرائم کی روک تھام میں کمزور کارکردگی کی نشاندہی کی گئی۔
رپورٹ میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں اضافے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے شدید تشویش اور ناراضی کا اظہار کیا۔ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ خواتین اور بچوں کے استحصال اور ان کے خلاف سنگین جرائم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق، بعض اضلاع میں جرائم کی صورتحال پر متعلقہ پولیس افسران سے وضاحت طلب کی گئی، جبکہ ناقص کارکردگی اور مقررہ اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے تمام ڈی پی اوز اور آر پی اوز کو آئندہ چار ہفتوں بعد ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے آگاہ کر دیا ہے۔ اجلاس میں پولیس افسران کی کارکردگی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، جبکہ کارکردگی بہتر نہ بنانے والے افسران کے تبادلوں سمیت محکمانہ اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ جرائم کی روک تھام، خواتین اور بچوں کے تحفظ اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
الیون نیوز — باخبر رہیں، باخبر رکھیں۔






