عابد محمود چوہدری
جہلم (عابد محمود چوہدری) دینہ الیکٹرانک اینڈ ڈیجیٹل میڈیا الائنس کی تقریبِ حلف برداری میں سابق صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد شکیل قرار نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ نجی میرج ہال میں سادہ مگر پروقار تقریب میں ضلع بھر کی سیاسی، سماجی، شہری، کاروباری، صحافتی اور وکلاء تنظیموں کے عمائدین سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جہاں نومنتخب صدر یاسر صدیق سمیت تمام نومنتخب عہدیداران و ممبران تقریب میں شریک تھے۔ میرج ہال پہنچنے پر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جاتا رہا، مہمانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے باوقار انداز میں نشستوں تک پہنچایا جاتا رہا۔
حلف برداری کی تقریب کے مہمان خصوصی سابق صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد شکیل قرار تھے، جنہوں نے نومنتخب عہدیداران جن میں صدر یاسر صدیق، نائب صدر رانا شفقت علی راجپوت، جنرل سیکرٹری ظہیر اختر بٹ، انفارمیشن سیکرٹری محمد علی اویس، فنانس سیکرٹری رحمت شاہ اور جائنٹ سیکرٹری واجد علی سے حلف لیا اور ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر پنڈال میں موجود اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شکیل قرار نے کہا کہ آج کے دور میں صحافت اور صحافیوں کو انتہائی مشکل حالات کا سامنا ہے، اس لیے ہر قدم انتہائی سوچ سمجھ کر اٹھانا ہوگا۔ بدقسمتی سے صحافتی حلقوں میں بعض کالی بھیڑیں بھی شامل ہو چکی ہیں، جنہیں بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس ذمہ داری ہے اور اس شعبے سے وابستہ افراد کو حق و سچ کا دامن کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہیے۔
تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ پوٹھوہار یونین آف جرنلسٹس کی قیادت نے جہلم پریس کلب کے صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان کو دلیرانہ صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کرنے پر گولڈ میڈل پہنایا۔ اس موقع پر گولڈ میڈلسٹ ڈاکٹر سہیل امتیاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادن خان کے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت حاضر ہیں۔ انہوں نے دینہ ڈیجیٹل میڈیا کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے تقریب میں شرکت کرنے کے لیے آنے والے مہمانوں کا شاندار استقبال اور بہترین انتظامات پر ڈیجیٹل میڈیا کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی کی ٹیم، ایم این اے چوہدری فرخ الطاف کی ٹیم، جہلم بار ایسوسی ایشن، جہلم چیمبر آف کامرس، جہلم پریس کلب کے سرپرست مہر محمد الیاس، صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان، چیئرمین راجہ نوبہار خان، جنرل سیکرٹری مرزا قدیر بیگ، مفاہمت کے بادشاہ سابق صدر جہلم پریس کلب ملک وسیم اختر، صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی، چیئرمین الیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود، نائب صدر غلام قادر مخلص، سابق جنرل سیکرٹری سید مستفیض اقبال بخاری، سابق جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو، سابق سینئر نائب صدر ڈاکٹر اعجاز اعوان، انفارمیشن سیکرٹری سید ناصر محمود، عبد الرحمن قادری، یاسر صدیق، سید عرفان حیدر، صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چوہدری مہربان حسین، نیوز الرٹ ٹیم، جہلم یونین آف جرنلسٹ کے صدر چوہدری محمد ریاض گوندل، جنرل سیکرٹری مرزا کفیل بیگ، پوٹھوہار یونین آف جرنلسٹس راولپنڈی، تحصیل پریس کلب سوہاوہ، تحصیل پریس کلب دینہ، بزنس کمیونٹی، وکلاء برادری اور قرب و جوار کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مبارکباد پیش کی۔









