0

مریم نواز کے دورہ جہلم کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ کمپیوٹر سائنس کا پرچہ ملتوی، نئی تاریخ 30 نومبر مقرر

راولپنڈی (الیون نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے 10 نومبر (منگل) کو ہونے والے انٹرمیڈیٹ دوسرے سالانہ امتحانات 2026 کے کمپیوٹر سائنس کے پرچے ملتوی کر کے ان کے لیے 30 نومبر کی نئی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کی سفارش پر بورڈ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے متوقع دورہ جہلم اور پنڈ دادن خان کے پیش نظر ضلع جہلم میں ان پرچوں کے شیڈول میں تبدیلی کی ہے۔ بورڈ کے کنٹرولر امتحانات مبشر سعید نے ترمیم شدہ شیڈول کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ صبح اور شام دونوں گروپس کے پرچے ملتوی ہوئے ہیں جبکہ راولپنڈی بورڈ کی حدود میں آنے والے دیگر اضلاع میں پرچے پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔ طلبہ کی سہولت کے لیے نئی رول نمبر سلپس جاری کی جائیں گی تاہم پہلے سے جاری کردہ رول نمبر سلپس بھی قابل قبول ہوں گی۔ ترجمان بورڈ ارسلان چیمہ نے تصدیق کی ہے۔

ماخذ: ڈان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں