0

پنڈ دادن خان میں عطائیت کے خلاف کارروائی، غیر قانونی کلینک اور لیبارٹری سیل

عابد محمود چوہدری عابد محمود چوہدری

جہلم (عابد محمود چوہدری)۔ سیکرٹری صحت پنجاب کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر جہلم و سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات کی ہدایات کی روشنی میں تحصیل پنڈ دادن خان میں عطائیت اور غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پنڈ دادن خان ڈاکٹر انجم قدیر کی نگرانی میں یونین کونسل جلالپور شریف کا دورہ کیا گیا، جہاں توبہ میٹرنٹی ہوم، عاصم دوا خانہ اور بسم اللہ فارمیسی سمیت مختلف طبی مراکز کی چیکنگ کی گئی۔ دورانِ معائنہ ایک لیبارٹری اور ایک کلینک بھی چیک کیے گئے، جہاں مبینہ طور پر نہ تو مستند ڈاکٹر موجود تھا اور نہ ہی تربیت یافتہ طبی عملہ، جس میں نرس، ڈسپنسر یا متعلقہ ٹیکنیشن شامل ہو۔ مزید برآں، غیر تربیت یافتہ افراد کی جانب سے مریضوں کو انجیکشن لگانے کا عمل بھی سامنے آیا، جو مریضوں کی صحت اور زندگی کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔ معائنے کے دوران متعلقہ غیر قانونی کلینک اور لیبارٹری کو سیل کر دیا گیا جبکہ طبی استعمال میں آنے والا متعلقہ سامان اور دیگر اشیاء بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے مزید قانونی کارروائی کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر انجم قدیر نے واضح کیا کہ انسانی زندگیوں سے متعلق طبی خدمات کسی غیر مستند یا غیر تربیت یافتہ شخص کے حوالے نہیں کی جا سکتیں۔ عوام کو محفوظ، معیاری اور مستند طبی سہولیات کی فراہمی محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے اور عطائیت کے مکمل خاتمے تک تحصیل بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں