اسلام آباد (الیون نیوز) ذرائع کا کہنا ہے کہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سبسڈی اور بجلی و گیس کے بلوں پر ریلیف مزید چھ ماہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی کوششوں سے اس ریلیف کے برقرار رہنے کے امکانات روشن ہوئے ہیں، تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق یہ سبسڈی 31 دسمبر 2026 کو ختم ہونا تھی، لیکن اب توقع ہے کہ اسے 30 جون 2027 تک جاری رکھا جائے گا۔ آئی ایم ایف نے حکومت کو ہدف دیا تھا کہ یکم جنوری 2027 سے 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی سبسڈی ختم کر دی جائے، تاہم اب اس اقدام کو یکم جولائی 2027 تک مؤخر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے یہ ہدف بھی مقرر کیا ہے کہ 200 یونٹ تک بجلی کی سبسڈی صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ مستحق صارفین تک محدود رکھی جائے۔ اسی طرح مستقبل میں کم گیس استعمال کرنے والے صارفین کو دی جانے والی حکومتی سبسڈی بھی صرف بی آئی ایس پی کے رجسٹرڈ صارفین تک محدود کیے جانے کا امکان ہے۔
ماخذ: ذرائع









