Rabia Ahsan 0

92 نیوز کی اینکر ربیعہ احسن جاں بحق، شوہر گرفتار

راولپنڈی (الیون نیوز) — 92 نیوز کی اینکر ربیعہ احسن مبینہ طور پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہو گئیں۔ واقعہ راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد، اڈیالہ روڈ میں ان کے گھر پر پیش آیا، جہاں وہ گولی لگنے سے جاں بحق ہوئیں۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق ربیعہ احسن کی لاش گھر کے بیڈ روم سے ملی اور انہیں گردن کے نیچے سامنے سے ایک گولی لگی تھی۔ پولیس اطلاع ملتے ہی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جبکہ واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

پولیس نے ربیعہ احسن کے شوہر احسن (احسن طاہر خان) کو گرفتار کر کے حراست میں لے لیا ہے۔ شوہر نے پولیس کو اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ اسلحہ سنبھالتے ہوئے اتفاقیہ فائر چل گیا تھا۔

سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ مبینہ قتل کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، جس کی تحقیقات میرٹ پر کی جائیں گی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کیس کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور حقائق پوسٹ مارٹم اور فرانزک شواہد کی روشنی میں سامنے آئیں گے۔

ذرائع: سی پی او راولپنڈی اور نیوز رپورٹس

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں