جہلم (الیون نیوز) جامعہ علوم اثریہ جہلم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15 نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والی آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس میں ضلع جہلم سے ایک بڑا قافلہ شرکت کرے گا۔ اجلاس جامعہ علوم اثریہ کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر کی زیر صدارت ہوا جس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث جہلم شہر کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ صدارتی خطاب میں حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع ہمارے ایمان کا جزو لاینفک ہے اور ان کے خلاف دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ماضی کی طرح ہمیشہ ناکام بنایا جائے گا۔ اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے جنرل سیکرٹری حافظ عبدالغفور مدنی نے کہا کہ کانفرنس میں عالمی حالات بالخصوص تحفظ حرمین شریفین پر قائدین اور علمائے کرام خطابات کریں گے۔ حافظ عمر عبدالحمید اور مولانا عکاشہ مدنی نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کا موضوع تحفظ حرمین شریفین ہے۔
ماخذ: جہلم اپڈیٹس









