0

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جہلم آمد سے پہلے ڈی سی جہلم میر رضا اوزگن کو جہلم سے ٹرانسفر کر دیا گیا

جہلم (الیون نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جہلم آمد سے پہلے ڈی سی جہلم میر رضا اوزگن کو جہلم سے ٹرانسفر کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی سی جہلم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورۂ جہلم کے باعث سکولوں کے امتحانات کا مقام تبدیل کر دیا تھا۔ اس اقدام کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈی سی جہلم کو فوری طور پر جہلم سے ٹرانسفر کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

پنجاب سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 8 نومبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق میر رضا اوزگن (پی اے ایس/بی ایس-19) ڈپٹی کمشنر جہلم کو فوری طور پر ٹرانسفر کر کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹرانسفر کا نوٹیفکیشن

دوسری جانب ڈی سی جہلم کے دفتر سے 6 نومبر 2026 کو چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کو لکھے گئے خط میں انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحان 2026 کے کمپیوٹر سائنس کے پرچے (فرسٹ اور سیکنڈ گروپ) کو، جو 10 نومبر 2026 کو گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول جہلم میں ہونا تھا، وی وی آئی پی دورے اور ٹریفک کی متوقع رکاوٹ کے پیش نظر کسی دوسرے مناسب مرکز میں منتقل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

امتحانی پرچے سے متعلق ڈی سی جہلم کا خط

اس حوالے سے جہلم پریس کلب کی تقریب حلف برداری میں موجود وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی سے جب سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے دورۂ جہلم کے باعث سکولی بچوں کے امتحانات کا مقام تبدیل کرنا نامناسب عمل ہے۔ بچوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے، اس سے بچوں کے تعلیمی عمل میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں اور یہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے خلاف ہے، جن کا وژن کامیاب اور تعلیم یافتہ نوجوان ہے، اور ایسا عمل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ماخذ: الیون نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں