مرزا عبدالجبار بیگ
دینہ (مرزا عبدالجبار بیگ) — جہلم کی تحصیل دینہ میں تھانہ منگلا کینٹ کی حدود میں کالووال کے علاقے میں نامعلوم حملہ آور کی مبینہ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی لاش کالووال کے قریب کھیتوں کے نزدیک سے برآمد ہوئی۔
مقتول کی شناخت کاشف گجر سکنہ چھمالہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ایک راہگیر نے پولیس ایمرجنسی پر کال کر کے اطلاع دی کہ کالووال کے قریب کھیتوں کے پاس ایک شخص کی لاش پڑی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق مقتول کاشف گجر کی مبینہ طور پر دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی، جس کے تناظر میں واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے اور قتل کے محرکات اور ملوث افراد کا تعین کرنے کے لیے تفتیش شروع کر دی۔









