عابد محمود چوہدری
جہلم (عابد محمود چوہدری) جی ٹی روڈ جہلم پر نصب ربڑ کے تین رفتار شکن ابھار ختم کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے اور لیبر موقع پر پہنچ گئی ہے۔ شہریوں کی مسلسل شکایات اور قیمتی گاڑیوں کے نقصان کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔
روزانہ سفر کرنے والوں اور ٹرانسپورٹروں کو ان ابھاروں سے شدید مشکلات تھیں اور درجنوں قیمتی گاڑیاں خراب ہو چکی تھیں۔ یہ ابھار ضلعی انتظامیہ نے یوٹرن سے حادثات روکنے کے لیے نصب کیے تھے، مگر مزید پریشانی بن گئے۔
اچانک ٹکرانے سے ٹائر، سسپنشن اور دیگر قیمتی حصے خراب ہوئے اور بعض جگہ رفتار اچانک کم ہونے سے حادثات کا خدشہ بڑھا۔ این ایچ اے نے ان ابھاروں کی فوری ہٹائی کے تحریری احکامات سابق ڈپٹی کمشنر جہلم کو جاری کیے تھے۔
شہریوں نے اس قدم کا خیرمقدم کرتے ہوئے جادہ چوک سے دیوان سعید میرج ہال تک خطرناک یوٹرن پر نظرثانی، مناسب انجینئرنگ، واضح سائن بورڈ، لین مارکنگ، روشنی اور محفوظ ٹریفک انتظامات کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ جامع ٹریفک منصوبے سے قیمتی جانیں اور گاڑیاں محفوظ رہیں۔









