پاکستان اور برطانیہ نے انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم اور امیگریشن کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ اتفاق وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانیہ کے وزیر مملکت برائے سیکیورٹی ڈین جاروس کے درمیان وزارت داخلہ میں ہونے والے وفود سطح کے مذاکرات میں ہوا۔ وزارت داخلہ کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان قائم ورکنگ گروپ کا اجلاس بھی بلانے پر اتفاق ہوا ہے۔ برطانوی وزیر نے گزشتہ روز نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی تھی۔ دونوں ملکوں نے ایک روز قبل اسلام آباد میں سالانہ انسداد دہشت گردی مذاکرات کے دوران افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خطرے پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ دونوں فریقوں نے نیشنل کرائم ایجنسی اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے درمیان رابطے مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
ماخذ: ڈان، 6 نومبر 2026۔









