0

جہلم میں شدید سردی سے قبل ہی سوئی گیس کی قلت، شہریوں کو ہزاروں روپے کے بل موصول ہونے پر تشویش

چوہدری عابد محمود

چوہدری عابد محمود

خبر دینے والے

جہلم (الیون نیوز) — شہر کی شہری تنظیموں کے بزرگوں نے شدید سردی شروع ہونے سے قبل ہی سوئی گیس کی شدید قلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہلم شہر اور گردونواح میں گیس کی فراہمی پہلے ہی انتہائی محدود ہو چکی ہے، جس سے عام شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

بزرگوں کے مطابق ایک طرف گھروں میں گیس دستیاب نہیں، تو دوسری طرف سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی جانب سے شہریوں کو ہزاروں روپے کے بھاری بل بھیجے جا رہے ہیں، جو غریب اور متوسط طبقے کے لیے ناقابلِ برداشت بوجھ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ مجبوراً مہنگے ایل پی جی سلنڈر خرید کر بار بار بھروا رہے ہیں، جب کہ اس کے ساتھ ساتھ انہیں گیس کے بھاری بل بھی ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ اس دوہرے بوجھ نے غریب گھرانوں کے لیے اپنے بچوں کو دن میں دو وقت کا کھانا فراہم کرنا بھی مشکل بنا دیا ہے۔

شہری بزرگوں نے مزید کہا کہ بجلی، گیس، پانی، واسا اور ستھرا پنجاب کے بلوں نے پہلے ہی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے حکومت کی پالیسیوں اور گیس کی فراہمی کے موجودہ انتظامات پر سخت تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور بھاری بلوں کا فوری نوٹس لیا جائے، تاکہ غریب اور سفید پوش خاندان کم از کم اپنے بچوں کو دو وقت کا کھانا اور بنیادی ضروریات فراہم کر سکیں۔

ماخذ: الیون نیوز — جہلم

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں