0

جہلم برٹش پاکستانی مشن کے وفد کا برطانوی شہریوں کے مسائل، سہولیات اور تعاون پر تفصیلی اجلاس

جہلم: (الیون نیوز)برٹش پاکستانی مشن کے وفد کا برطانوی شہریوں کے مسائل، سہولیات اور تعاون پر تفصیلی اجلاس

جہلم: برٹش پاکستانی مشن کے وفد کی جانب سے برطانوی شہریوں کو درپیش مسائل، سہولیات اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک تفصیلی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا انعقاد جہلم کے نواحی علاقے جادہ ٹاؤن میں راجہ نقاش کی رہائش گاہ پر کیا گیا۔
اجلاس میں برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندوں نے برطانوی شہریوں سے پاکستان میں سفر اور مختصر قیام کے دوران پیش آنے والے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ خاص طور پر پاکستان میں مقیم یا آنے والے برطانوی شہریوں کو درپیش وراثتی جائیداد، جان و مال کے تحفظ اور دیگر قانونی و انتظامی امور زیر بحث آئے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے کونسلر مسٹر کیمرون اور البرٹ ڈیوڈ، جبکہ مقامی سطح پر مس عدیلہ، راجہ نقاش سعید اور الیاس صادق وٹو (جنرل سیکرٹری جہلم پریس کلب رجسٹرڈ) نے جہلم سے تعلق رکھنے والے درجنوں برطانوی نژاد افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شرکاء نے اپنے مسائل کی نشاندہی کی، تجاویز پیش کیں اور ان کے حل کے لیے ہائی کمیشن کی دستیاب خدمات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ڈی سی جہلم میر ریضاء اوزگن اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے بھی شرکت کی۔ دونوں اعلیٰ افسران نے برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندوں کو مسائل کی نوعیت سے تفصیلاً آگاہ کیا اور انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ برطانوی شہریوں کے جان و مال کے مکمل تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، لہٰذا ان کے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ شرکاء نے سرمایہ کاری کے مواقع، قانونی رہنمائی، سفری سہولیات اور سرکاری اداروں کے ساتھ روابط کو بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس کے اختتام پر وفد کے ارکان نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل متعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچا کر ان کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں