فرانس پیرس (الیون نیوز ) فرانس میں پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں سزا سنا دی گئی ہے۔ پیرس کی اپیل کورٹ نے انہیں مختلف مالی بے ضابطگیوں کا مرتکب قرار دیتے ہوئے دو سال کی معطل قید، ایک لاکھ پچاس ہزار یورو جرمانے اور 10 سال تک کسی بھی کمپنی کے انتظامی معاملات چلانے پر پابندی عائد کر دی۔( معطل قید سے مراد ایسی سزا ہے جس میں عدالت قید کی مدت تو مقرر کرتی ہے، لیکن فوری طور پر جیل نہیں بھیجا جاتا۔ اگر سزا یافتہ شخص مقررہ مدت کے دوران دوبارہ کوئی جرم نہ کرے اور عدالت کی شرائط پر عمل کرے تو اسے جیل جانے سے استثنا مل سکتا ہے۔)
فرانسیسی اخبار (لی مونڈ ) کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ محمود بھٹی 2009 سے 2012 کے دوران ٹیکس فراڈ جبکہ 2009 سے 2014 تک منی لانڈرنگ میں ملوث رہے۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں قائم ایک کمپنی کے ذریعے قرضوں کے نظام سے اپنی پرتعیش زندگی کے اخراجات پورے کرتے رہے۔
عدالت نے سزا کے ساتھ ساتھ ان کی تین لگژری گھڑیاں اور تین جیگوار گاڑیاں بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔
سماعت کے دوران محمود بھٹی نے اپیل کے مرحلے پر الزامات تسلیم کرتے ہوئے نسبتاً کم سزا پر رضامندی ظاہر کی۔ یاد رہے کہ وہ اس سے قبل 2001 میں بھی مالی فراڈ کے ایک مقدمے میں زیرِ تفتیش آ چکے ہیں۔
0






