انجینئر محمد علی مرزا پر قاتلانہ حملے کی کوشش ناکام، حملہ آور گرفتار
جہلم: (الیون نیوز )معروف مذہبی اسکالر اور دانشور انجینئر محمد علی مرزا پر قاتلانہ حملے کی کوشش کو سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی نے ناکام بنا دیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ایک فوٹو سیشن میں مصروف تھے۔
ذرائع کے مطابق، ایک شخص نے اچانک نعرہ بازی کرتے ہوئے حملے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود سیکیورٹی گارڈز نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں لے لیا۔ واقعے کے وقت اکیڈمی کی سیکیورٹی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، جس نے ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ملزم کا تعلق کالعدم مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ قانونی کارروائی جاری ہے۔
خوش قسمتی سے حملے میں انجینئر محمد علی مرزا مکمل طور پر محفوظ رہے اور انہیں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں پہنچا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اصل محرکات سامنے لائے جا سکیں۔
0






