جہلم (الیون نیوز )ڈائریکٹوریٹ جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی کی ہدایات پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جہلم نے کامیاب ٹریپ ریڈ کے دوران رشوت لیتے ہوئے ایک سرکاری ملازم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد عمر فاروق ولد خالد محمود سکنہ باغ محلہ جہلم کی درخواست پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ درخواست گزار کے مطابق محمد وسیم، نائب قاصد، سیٹلمنٹ ڈیپارٹمنٹ اے ڈی سی ایل آر آفس جہلم نے اس سے پہلے 14 ہزار روپے وصول کیے تھے جبکہ پی ٹی ڈی کی تصدیق سے متعلق قانونی کام کے عوض مزید 20 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کر رہا تھا۔
شکایت کی تصدیق اور ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد، جوڈیشل مجسٹریٹ سیکشن 30 جہلم سید قمر عباس کی نگرانی اور سرکل آفیسر اینٹی کرپشن جہلم محمد عمران اسلم کی سربراہی میں ٹیم نے کامیاب ٹریپ ریڈ کی۔ کارروائی کے دوران ملزم محمد وسیم نائب قاصد کے قبضے سے 20 ہزار روپے رشوت کی رقم برآمد کر لی گئی۔
ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 02 مورخہ 27-01-2026 بجرم دفعہ 161 پی پی سی اور 5/2/47 پریوینشن آف کرپشن ایکٹ کے تحت تھانہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جہلم میں درج کر لی گئی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
0






