0

ڈھوک جمعہ جہلم میں محکمہ اوقاف کی بڑی کارروائی کروڑوں مالیت کی دو کنال اراضی واگزار، چار دیواری کا عمل شروع

ڈھوک جمعہ جہلم میں محکمہ اوقاف کی بڑی کارروائی
کروڑوں مالیت کی دو کنال اراضی واگزار، چار دیواری کا عمل شروع
جہلم:(الیون نیوز)محکمہ اوقاف نے ضلعی انتظامیہ جہلم اور پیرا فورس کی مدد سے ڈھوک جمعہ، جہلم میں واقع کروڑوں روپے مالیت کی دو کنال قیمتی اراضی ناجائز قبضے سے واگزار کرا لی۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ اراضی پر اہلِ محلہ کافی عرصے سے زبردستی قابض تھے۔ محکمہ اوقاف کی جانب سے متعدد بار جگہ خالی کروانے کی کوشش کی گئی، تاہم ہر بار مختلف رکاوٹیں ڈال کر عملدرآمد کو روکا جاتا رہا۔ اہلِ محلہ نے عدالت سے بھی رجوع کیا، مگر ملکیتی حقوق ثابت نہ ہونے پر عدالت نے کیس خارج کر دیا۔

آج بروز منگل 31 دسمبر 2025 کو چیئرمین محکمہ اوقاف کے احکامات پر محکمہ اوقاف، پیرا فورس، تحصیلدار اور اسسٹنٹ کمشنر جہلم کی موجودگی میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر موقع پر پہنچ کر اراضی کا قبضہ محکمہ اوقاف کو دلوایا گیا، جس کے بعد چار دیواری کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
محکمہ اوقاف کے مطابق چار دیواری مکمل ہونے کے بعد مذکورہ اراضی باقاعدہ طور پر محکمہ اوقاف کے کرایہ دار وحید اکرم میر کے حوالے کر دی جائے گی۔ چار دیواری اور حوالگی کے مکمل ہونے تک پیرا فورس موقع پر تعینات رہے گی تاکہ کسی قسم کی بدامنی پیدا نہ ہو۔
اس موقع پر محکمہ اوقاف کے انسپکٹر ماجد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین اوقاف کی ہدایات پر ہم نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے رابطہ کیا، جنہوں نے فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈی سی جہلم، پیرا فورس، تحصیلدار اور اسسٹنٹ کمشنر جہلم کے شکر گزار ہیں جن کے تعاون سے سرکاری اراضی کو ناجائز قبضے سے واگزار کرایا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں