جہلم پریس کلب کے جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو اور سینئر صحافی ملک فدا کی ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے ملاقات
ڈپٹی کمشنر کا گرین الیکٹرک بس منصوبے کی کوریج پر صحافیوں کو خراجِ تحسین
جہلم (بیورورپورٹ)جہلم پریس کلب جہلم(رجسٹرڈ)کے جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو اور سینئر صحافی و نمائندہ دنیا نیوز ملک فدا حسین اعوان نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ضلع جہلم میں میڈیا کے کردار، مثبت صحافت اور انتظامیہ و صحافیوں کے باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے گرین الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب کی شاندار کوریج پر ضلع بھر کے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا معاشرے کا چوتھا ستون ہے اور جہلم کے صحافی مثبت، تعمیری اور ذمہ دار صحافت کے ذریعے معاشرتی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہلم میں میڈیا کی جانب سے عوامی مسائل کی بروقت نشاندہی انتظامیہ کے لیے رہنمائی کا باعث بنتی ہے، جس پر فوری اقدامات عمل میں لائے جاتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ انتظامیہ اور میڈیا کا رشتہ چولی دامن کا ہے اور دونوں کے باہمی تعاون سے ہی عوامی مسائل کا مؤثر حل ممکن ہے۔
اس موقع پر الیاس صادق وٹو اور ملک فدا حسین اعوان نے انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ جہلم کا میڈیا مستقبل میں بھی مثبت صحافت کے ذریعے عوامی مفاد میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
0






