0

جہلم: سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، ایک فرار

جہلم: سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، ایک فرار

جہلم (مرزا عبدالجبار) – جہلم میں سی سی ڈی ٹیم نے ایک بڑی کارروائی کے دوران موٹر سائیکل چوری اور دیگر مقدمات میں مطلوب دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق، سی سی ڈی ٹیم جہلم پر تھانہ کالا گجراں کی حدود میں ڈھوک منور روڈ، نزد سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب اس وقت فائرنگ کی گئی جب ٹیم معمول کی گشت پر تھی۔ تین نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اچانک سی سی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے دوران ایک اہلکار کو گولی لگی، تاہم بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی وجہ سے وہ محفوظ رہا۔

جوابی کارروائی میں دو ملزمان، حسن دارا پور اور عبداللہ کالا گجراں، زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ دونوں ملزمان موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔ ان کا تیسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

سی سی ڈی ٹیم کے ترجمان نے بتایا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں