0

پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ: صوبے بھر میں چنگچی رکشوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان

پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ: صوبے بھر میں چنگچی رکشوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان

لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر میں چنگچی رکشہ ڈرائیوروں کے لیے ایک اہم اور سخت اقدام سامنے آ گیا ہے، جہاں صوبائی حکومت نے تین پہیوں پر مشتمل غیر رجسٹرڈ لوڈر گاڑیوں، یعنی چنگچی رکشوں پر مکمل پابندی لگانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ فیصلہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ سمیت تمام بڑے شہروں اور دیہی علاقوں میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے ترجمان کے مطابق، یہ اقدام شہریوں کی جان و مال کی حفاظت، بڑھتی ہوئی ٹریفک بے ترتیبی پر قابو پانے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے ناگزیر ہو چکا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ سڑکوں پر چلنے والے اکثر چنگچی رکشے غیر رجسٹرڈ، تکنیکی لحاظ سے ناقص اور ٹریفک قوانین کے منافی ہیں، جو نہ صرف حادثات کا سبب بنتے ہیں بلکہ ٹریفک کے بہاؤ میں بھی رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔

پنجاب حکومت نے چنگچی رکشہ مالکان کو 30 دن کی مہلت دی ہے تاکہ وہ اپنی گاڑیوں کو قانونی تقاضوں کے مطابق رجسٹرڈ کروائیں یا متبادل روزگار کا بندوبست کریں۔ مہلت ختم ہونے کے بعد صوبے بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا، جس میں غیر قانونی چنگچی رکشوں کو ضبط اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ماحولیاتی اداروں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ اس فیصلے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

اس فیصلے سے جہاں شہریوں کو قدرے سکون ملنے کی امید ہے، وہیں چنگچی رکشہ مالکان اور ڈرائیورز کی ایک بڑی تعداد اس پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے، جن کا روزگار اسی ذریعہ آمدن سے وابستہ ہے۔

حکومت کی جانب سے اس موقع پر یہ عندیہ بھی دیا گیا ہے کہ متاثرہ افراد کے لیے متبادل روزگار یا قانونی ذرائع آمدن کے مواقع فراہم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں