یوم تکبیر کے موقع پر مسلم لیگ ن جہلم کی جانب سے شاندار تقریب کا انعقاد
جہلم ۔28 مئی 2025(ملک فدا اعوان ) یوم تکبیر کے تاریخی موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن ضلع جہلم کی جانب سے ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت ضلعی صدر حافظ اعجاز جنجوعہ نے کی۔ تقریب میں مسلم لیگ ن کے ضلعی و مقامی عہدیداران، کارکنان، یوتھ ونگ، لیبر ونگ، اور مارٹی ونگ کے نمائندوں سمیت بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانانِ گرامی میں انفارمیشن سیکریٹری چوہدری سعید ارشد، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری خان ظہیر، جوائنٹ سیکریٹری چوہدری ثاقب، نائب صدر حاجی وسیم، ضلعی صدر لیبر ونگ خان ذوالفقار، شیخ اعجاز، مرزا زاہد افضل، وحید اکرم میر، شیخ شکیل، ناصر بھٹی، منیر تارڈ۔ ناصر عنایت اور چوہدری مالک شامل تھے۔
اس موقع پر مقررین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہری دن ہے جب قائد محمد نواز شریف نے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملکی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے مشن پر گامزن رہے گی۔
تقریب کے دوران حاضرین نے جوش و خروش سے “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج زندہ باد”، اور “مسلم لیگ ن زندہ باد” کے نعرے لگائے۔ وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار کارکنوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک و ملت کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ملک کی سالمیت، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔






