جہلم: دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر دریائے جہلم میں نہانے والے تین افراد گرفتار
جہلم (ایم سلطان) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس کی ہدایت پر دریائے جہلم میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے، جس کے تحت دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو بارہا آگاہ کیا گیا کہ وہ اپنی قیمتی جانوں کی حفاظت کرتے ہوئے دریا، نہروں، اور ندی نالوں میں نہانے سے گریز کریں۔
تاہم، دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود تین افراد نے دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کی، جس پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس اقدام کو عوامی تحفظ کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی قسم کی غفلت یا قانون شکنی برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بھی دریا، نہر یا ندی میں نہانے سے روکیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔






