0

رحمان بابا ایکسپریس کے جہلم اسٹاپ کا باضابطہ افتتاح – وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی نے افتتاح کیا

رحمان بابا ایکسپریس کے جہلم اسٹاپ کا باضابطہ افتتاح – وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی کی خصوصی شرکت

جہلم (مرزا عبدالجبار بیگ) وزیر مملکت برائے ریلوے و وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے آج جہلم ریلوے اسٹیشن پر “رحمان بابا ایکسپریس” ٹرین کے باقاعدہ اسٹاپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مقامی مسلم لیگی قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ “رحمان بابا ایکسپریس” کے جہلم میں اسٹاپ کا قیام عوامی مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ شہریوں کو سفر کے دوران مزید سہولت، آرام اور آسانی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف جہلم کے عوام مستفید ہوں گے بلکہ یہ دیگر مسافروں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ریلوے کا نظام ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اور موجودہ حکومت اس شعبے کی بہتری کے لیے جامع اور دوررس اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جا چکی ہے اور ان منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

تقریب میں سابق ایڈیشنل پی اے ن لیگ چوہدری سعید اقبال، سابق صدر مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم چوہدری جاوید بوٹا، سابق مسلم لیگی کونسلرز منیر تارڑ، ظہیر خان اور دیگر مسلم لیگی ورکرز بھی موجود تھے۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے دعا بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں