0

شہداء اور غازیوں کے لیے وفاقی حکومت کے بڑے اعلانات: ورثاء کو مالی امداد، گھر، تعلیم اور علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی — وزیرِاعظم شہباز شریف

شہداء اور غازیوں کے لیے وفاقی حکومت کے بڑے اعلانات: ورثاء کو مالی امداد، گھر، تعلیم اور علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی — وزیرِاعظم شہباز شریف

اسلام آباد(طلحہ راجہ)وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاک افواج کے شہداء اور زخمیوں کے لیے ایک جامع فلاحی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ یہ پیکج شہداء کے ورثاء، زخمی اہلکاروں اور بھارتی جارحیت سے متاثرہ شہریوں کی بحالی کے لیے اہم اقدامات پر مشتمل ہے۔

شہداء کے ورثاء کے لیے مالی امداد اور رہائش کی سہولت:

وزیرِاعظم نے بتایا کہ شہداء کے ورثاء کو ان کے رینک کے مطابق مالی امداد دی جائے گی جو کہ 1 کروڑ روپے سے 1.8 کروڑ روپے تک ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ، ان کے لیے رہائش کے لیے 1.9 کروڑ روپے سے 4.2 کروڑ روپے کی رقم بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔

مکمل تنخواہ اور الاونسز کی فراہمی:

شہداء کی ریٹائرمنٹ کی متعین تاریخ تک ان کے اہل خانہ کو مکمل تنخواہ اور تمام الاونسز جاری رکھے جائیں گے، تاکہ مالی مشکلات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

تعلیم اور شادی کی سہولتیں:

شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔

زخمی اہلکاروں کے لیے مالی امداد اور علاج:

زخمی ہونے والے فوجی اہلکاروں کو 20 لاکھ سے 50 لاکھ روپے فی کس کی مالی امداد دی جائے گی۔ ان کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت برداشت کرے گی تاکہ انہیں مکمل طبی سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔

متاثرہ گھروں اور مساجد کی تعمیر نو:

بھارتی حملے میں متاثرہ گھروں اور شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کے ذمے ہوگی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ ہماری اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے شہداء کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ شہداء کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے اور یہ فرض پورا کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ قوم اپنے ان ہیروز کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یہ اقدامات شہداء اور غازیوں کے لیے حکومت کی جانب سے خراجِ تحسین ہیں اور ان کی قربانیوں کے اعتراف کا عملی اظہار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں