0

جہلم و گردونواح میں انٹرنیٹ کی بندش سے شہری و تجارتی سرگرمیاں متاثر

جہلم و گردونواح میں انٹرنیٹ کی بندش سے شہری و تجارتی سرگرمیاں متاثر

جہلم (عابد محمد چوہدری) جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں انٹرنیٹ سروس کی بار بار بندش اور سپیڈ میں مسلسل کمی نے عوام، نجی اداروں اور سرکاری دفاتر کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے انٹرنیٹ سروس میں غیر اعلانیہ بندش اور سپیڈ میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث آن لائن کاروبار، تعلیمی سرگرمیاں، سرکاری دفتری کام اور بینکنگ سسٹم بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی ناقص سروس نے ان کے روزمرہ کے معمولات درہم برہم کر دیے ہیں، جبکہ آن لائن کلاسز اور دفتری اجلاس بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ آن لائن ٹرانزیکشنز، ای میلز اور ویب بیسڈ سسٹمز پر انحصار کرنے والے ادارے شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ کئی کمپنیوں کو اپنا کام مکمل کرنے کے لیے متبادل ذرائع استعمال کرنا پڑ رہے ہیں، جو وقت اور پیسے کا ضیاع ہے۔

شہریوں اور کاروباری افراد نے پی ٹی اے اور متعلقہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے سروس میں بہتری لائیں، تاکہ عوام کو بنیادی ڈیجیٹل سہولت مہیا کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں