0

ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ، محکمہ صحت کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت

ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ، محکمہ صحت کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت
جہلم (مرزا عبدالجباربیگ) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے کہا ہے کہ ضلع میں کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے محکمہ صحت کو ہر وقت مکمل تیاری کے ساتھ الرٹ رہنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) کے دورے کے دوران محکمہ صحت کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ایمرجنسی وارڈ، آئی سی یو، ادویات کی دستیابی، اور طبی عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی صحت اور سلامتی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور کسی بھی غیر معمولی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ تمام مشینری کو فنکشنل رکھا جائے، ادویات کا ذخیرہ مکمل ہو، اور طبی عملہ ہر وقت الرٹ رہے۔ انہوں نے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ باہمی رابطے کو بھی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد میثم عباس نے کہا کہ موجودہ ملکی و موسمی حالات کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور تمام اداروں کے مابین کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال، اور دیگر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کی تیاریوں اور دستیاب سہولیات پر بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں