جنگ ہو یا امن، ریسکیو 1122 کا کردار قابل ستائش ہے ۔ڈپٹی کمشنر جہلم
جہلم (حاجی محمد طاہر ) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 ضلع جہلم کا ایک ایسا فعال اور مستعد ادارہ ہے جو نہ صرف پرامن حالات میں بلکہ کسی بھی ہنگامی یا جنگی صورتحال میں بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور انسانی خدمت کے جذبے کے تحت کام کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسکیو اسٹیشن جہلم میں منعقدہ فرضی مشقوں (Mock Drills) کے معائنے کے موقع پر کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو کنٹرول روم، آپریشنل گاڑیوں اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور عملے سے فرداً فرداً ملاقات کر کے ان کی تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر ریسکیو اہلکاروں نے ایک ہنگامی صورتحال کی فرضی مشق کے ذریعے اپنی فوری رسپانس اور ریسکیو آپریشن کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جسے ڈپٹی کمشنر نے سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 نہ صرف حادثات، آفات یا قدرتی سانحات میں بروقت مدد فراہم کرتا ہے بلکہ عوام میں آگاہی، تربیت اور ریلیف کے حوالے سے بھی بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے پر عوام کو مکمل اعتماد ہے اور یہ اعتماد ادارے کی شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔
ریسکیو اسٹیشن کے انچارج نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارہ جدید تربیت یافتہ عملے، ایمبولینس سروس، فائر بریگیڈ، واٹر ریسکیو اور دیگر سہولیات سے لیس ہے اور ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ریسکیو 1122 کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنائیں اور عوامی فلاح و بہبود کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔






