شاندار چوک اور چاندنی چوک میں نئے نالوں کی تعمیر خوش آئند مگر پرانے نالوں کی صفائی نظرانداز، شہریوں کا ڈی سی جہلم سے نوٹس لینے اور پرانے نالوں کی بحالی کا مطالبہ
جہلم(الیاس صادق وٹو)شہر کے مصروف ترین علاقوں شاندار چوک اور چاندنی چوک میں پرانے نالوں کی بلاکج کھولنے اور صفائی کی بجائے صرف نئے نالوں کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس پر شہری، سماجی اور کاروباری حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کے مطابق شاندار ہوٹل کے نیچے سے گزرنے والا نالا، چاندنی چوک سے محلہ خواجگان اور محلہ سلمان پارس کی جانب جانے والا نالا، اور ریلوے روڈ سے شروع ہو کر انہی علاقوں سے گزرتا ہوا نالا — یہ تینوں نالے سالوں سے موجود ہیں اور صرف صفائی کی ضرورت ہے۔ اگر ان نالوں کو 7 سے 8 فٹ لمبائ تک مکمل صاف کیا جائے تو وہ دوبارہ قابلِ استعمال ہو سکتے ہیں اور نکاسی آب کے مسائل میں خاطر خواہ کمی آ سکتی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ نئے نالے تعمیر کرنا وقت اور وسائل کا ضیاع ہے، جب کہ پرانے نالے معمولی توجہ سے دوبارہ کارآمد ہو سکتے ہیں۔ شہریوں نے زور دیا ہے کہ نئے نالوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پرانے نالوں کی فوری اور مکمل صفائی بھی کروائی جائے تاکہ شہر میں نکاسی آب کا نظام مؤثر ہو اور بارشوں کے دوران عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سماجی و کاروباری شخصیات نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ محکموں کو ہدایت دیں کہ نئے منصوبوں کے ساتھ موجودہ انفراسٹرکچر کو بھی بہتر بنایا جائے، تاکہ شہریوں کو حقیقی ریلیف مل سکے اور ترقیاتی فنڈز کا درست استعمال یقینی ہو






