جہلم ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدائیت پر ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید کی 28ویں برسی پر ان کی لحد پر حاضری، پولیس افسران کی جانب سے خراجِ عقیدت


جہلم:(الیاس صادق وٹو)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ڈی ایس پی پنڈ دادنخان اور ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف نے موضع سگھرپور، جلالپور شریف میں ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید کی 28ویں برسی کے موقع پر ان کی لحد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی دی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او نے شہید کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی اشرف مارتھ ایک بہادر اور نڈر پولیس افسر تھے، جنہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ملک و قوم کی خدمت کی۔
ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید نے 6 مئی 1997 کو گوجرانوالہ میں دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی بے مثال بہادری کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں ستارہ شجاعت سے نوازا گیا، جبکہ گوجرانوالہ پولیس لائنز کو بھی ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے بیان میں کہا کہ:
“ایس ایس پی اشرف مارتھ جیسے بہادر افسران ہماری شان ہیں۔ شہداء ہمارے محسن ہیں، جن کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ آج ہم جو امن و سکون کی زندگی گزار رہے ہیں، وہ انہی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ شہداء کی فیملیز ہماری ذمہ داری ہیں اور ان کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔”
شہید اشرف مارتھ کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی بہادری نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔






