ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، ناجائز منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور
جہلم (مرزا عبدالجباربیگ) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر نے کی، جس میں ضلع بھر سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانا، مہنگائی پر مؤثر کنٹرول اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ اجلاس میں موجود افسران نے اپنے اپنے علاقوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور اس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں، نرخ ناموں کی چیکنگ کریں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔
آخر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی سے سرانجام دیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔






