جہلم: سی سی ڈی کی بڑی کارروائی، خطرناک ڈکیت نیاز گل حمید متہ زخمی حالت میں گرفتار، دو اہلکار بھی زخمی
جہلم (الیاس صادق وٹو)سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ڈکیت، چوری اور موبائل سنیچنگ میں ملوث اشتہاری مجرم نیاز گل عرف حمید متہ کو جہلم کے مصروف ماڈرن بازار کے باہر سے گرفتار کر لیا۔ نیاز گل عرف حمید متہ اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ کسی بڑی واردات کی منصوبہ بندی میں مصروف تھا جب سی ٹی ڈی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
کارروائی کے دوران نیاز گل عرف حمید متہ نے گرفتاری سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے چاقو کے پے در پے وار کیے، جس سے سی سی ڈی کے دو بہادر افسران، یاسر ربانی اور ملک نثار شدید زخمی ہو گئے۔ اسی دوران نیاز گل عرف حمید متہ کے ساتھیوں نے سی سی ڈی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، تاہم جوابی کارروائی میں نیاز گل عرف حمید متہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ دوسری جانب،نیاز گل عرف حمید متہ کو زخمی حالت میں پولیس کی حراست میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس کے مسلح ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق، فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ان کی گرفتاری متوقع ہے۔ سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ویڈیو دیکھنے کے لیئے لنک کلک کریں






