0

ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی اور ضلعی دفاتر میں احتجاج، ایف بی آر نان-کیڈر افسران اور عملے کا مطالبات کا چارٹر پیش

راولپنڈی (الیون نیوز) پاکستان بھر کی طرح ریجنل ٹیکس آفس (RTO) راولپنڈی اور اس کے ماتحت اضلاع اٹک، چکوال، جہلم، مری اور تلہ گنگ میں نان-کیڈر افسران اور عملے نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کے خلاف سراپا احتجاج اختیار کر رکھا ہے۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات پر مشتمل چارٹر پیش کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مطالبات کا خلاصہ:

1. پرفارمنس الاؤنس کا ڈی-فریزنگ:
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کا پرفارمنس الاؤنس 2015 سے منجمد ہے، جس کے باعث اب یہ موجودہ بنیادی تنخواہ کا محض 20 فیصد رہ گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرفارمنس الاؤنس کو موجودہ بنیادی تنخواہ پر 100 فیصد کی سطح پر فوری بحال کیا جائے۔

2. امتیازی انعامی تقسیم کا خاتمہ:
نان-کیڈر افسران اور ملازمین کا کہنا ہے کہ موجودہ انعامی پالیسی شدید امتیازی ہے، جہاں کیڈر افسران کو 48 بنیادی تنخواہیں سالانہ دی جا رہی ہیں جبکہ نان-کیڈر ملازمین کو صرف 8۔ انہوں نے مساوی انعامی تقسیم کا مطالبہ کیا ہے۔

3. مشترکہ فنڈ سے مساوی حصہ:
مظاہرین نے کہا کہ نان-کیڈر افسران اور عملے کو فیلڈ ڈیوٹیوں کے باوجود مشترکہ فنڈز اور دیگر سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے فوری طور پر اس عدم مساوات کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے اعلان کیا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ایف بی آر میں پائی جانے والی اس عدم مساوات کو فوری طور پر ختم کر کے انصاف فراہم کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں