0

جہلم: افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی آبی جارحیت کے خلاف مسلم لیگ (ن) کی شاندار ریلی

جہلم: افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی آبی جارحیت کے خلاف مسلم لیگ (ن) کی شاندار ریلی

جہلم (الیاس صادق وٹو) پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم کی قیادت نے بھارتی آبی جارحیت کے خلاف اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور اور ولولہ انگیز احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر حافظ اعجاز محمود جنجوعہ نے کی، جس میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان، عہدیداران اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کا آغاز مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سیکرٹریٹ، مشین محلہ نمبر 2، جہلم سے ہوا۔ شرکاء ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے دشمن کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے جہلم پریس کلب، کچہری چوک تک پہنچے، جہاں ریلی اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے دوران فضا ’’پاک فوج زندہ باد‘‘، ’’پاکستان پائندہ باد‘‘ اور ’’بھارت مردہ باد‘‘ جیسے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ شرکاء نے دشمن کے عزائم کے خلاف بھرپور جذبے کا مظاہرہ کیا اور افواجِ پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حافظ اعجاز محمود جنجوعہ نے کہا کہ بھارتی آبی جارحیت اور ہٹ دھرمی ناقابلِ قبول ہے، اور پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا تو قوم منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ دفاعِ وطن کے لیے پوری قوم متحد اور بیدار ہے۔

ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، افواجِ پاکستان کی فتوحات اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ ریلی نے واضح پیغام دیا کہ پاکستانی عوام اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں