0

اسپین اور پرتگال میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، نظامِ زندگی مفلوج

اسپین(الیون نیوز )اسپین اور پرتگال کے بڑے حصوں میں پیر کے روز ایک وسیع پیمانے پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا، جس سے شدید افراتفری اور نظامِ زندگی میں خلل پیدا ہوگیا۔

اس بریک ڈاؤن کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے، جبکہ انٹرنیٹ اور فون نیٹ ورکس بھی متاثر ہوئے۔
کئی علاقوں میں ٹرینیں معطل یا خالی کرا لی گئیں اور ایئرپورٹس پر تاخیر کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک سگنلز بند ہونے کے باعث سڑکوں پر بدنظمی دیکھنے میں آئی۔

دکانیں، گھروں اور ریستورانوں میں اندھیرا چھا گیا اور بہت سے لوگ لفٹس میں پھنس گئے۔ اسپین کے بجلی فراہم کرنے والے ادارے نے بتایا کہ بجلی کی مکمل بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

اسپین کے سیاسی رہنماؤں نے کہا ہے کہ ابھی تک بریک ڈاؤن کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، لیکن سائبر حملے کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔

بریک ڈاؤن کب شروع ہوا؟

پہلی اطلاعات کے مطابق بجلی کا تعطل مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے قریب (10:00 جی ایم ٹی) شروع ہوا اور جلد ہی اس کا دائرہ وسیع ہو گیا۔
مدرید میں شہریوں کو گھروں میں رہنے، سڑکوں سے دور رہنے اور ایمرجنسی سروسز کو صرف انتہائی ضرورت میں کال کرنے کی ہدایت دی گئی۔

اسپین کے ایک آپریٹر نے کہا کہ بجلی کی مکمل بحالی میں 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں، جبکہ پرتگال کی کمپنی REN کے مطابق مکمل بحالی میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

نقدی نکالنے کی مشینوں پر لمبی قطاریں لگ گئیں کیونکہ کارڈ کی ادائیگیاں متاثر ہوئیں اور کئی پٹرول پمپ بند ہوگئے۔
اسپینی میڈیا کے مطابق بعض اسپتالوں نے ہنگامی منصوبے نافذ کر دیے ہیں اور غیرضروری کام روک دیے گئے ہیں۔

شام کے اوقات میں کئی علاقوں میں بجلی بحال ہونا شروع ہو گئی۔ اسپین کے گرڈ آپریٹر نے کہا کہ شمال، جنوب اور مغرب کے کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال ہو چکی ہے۔

اثرات کیا ہوئے؟

بلیک آؤٹ کے بعد ملک کے جوہری پاور پلانٹس خودبخود بند ہو گئے۔ اسپین کی تیل کمپنی “موئے وی” نے بھی اپنی ریفائنریوں میں کام معطل کر دیا۔
کئی ایئرپورٹس پر پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ایزی جیٹ نے لزبن اور مدرید میں اپنے آپریشنز میں خلل کی تصدیق کی اور مسافروں کو مقامی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔

ایوی ایشن ڈیٹا کمپنی Cirium کے مطابق، پرتگال سے 96 اور اسپین سے 45 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

کاروباری اداروں پر بھی شدید اثر پڑا۔ اسپین میں آئیکیا کی کچھ برانچز نے بیک اپ جنریٹرز استعمال کرنا شروع کر دیے اور گاہکوں کا داخلہ روک دیا۔
مدرید اوپن ٹینس کے منتظمین نے پیر کا ایونٹ منسوخ کر دیا۔

ادھر، انڈورا اور فرانس کے کچھ حصے بھی متاثر ہوئے، البتہ بیلارک اور کینری آئی لینڈز محفوظ رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں