مرزا عبدالجبار بیگ
جہلم (مرزا عبدالجبار بیگ)۔ تھانہ کالا گجراں پولیس نے گرین بس میں شہریوں کے موبائل فون چوری کرنے والے گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں چور، اس کا سہولت کار اور موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے والا کمپیوٹر انجینئر شامل ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مختلف اضلاع سے چوری کیے گئے 40 موبائل فون، ڈیوائسز اور لیپ ٹاپ برآمد کر لیے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ وارداتوں کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ (ماخذ: جہلم اپڈیٹس)









