جہلم (بیورو رپورٹ):
جہلم ضلعی انتظامیہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں گزشتہ روز ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں شروع کی جانے والی گرین/الیکٹرک بس سروس کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں گرین بسوں کے مجوزہ اسٹاپس، روٹس اور دیگر انتظامی امور پر مشاورت کی گئی تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی کے بھائی حمزہ کیانی، سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری سعید اقبال سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر حمزہ کیانی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم کے غیور عوام کو گرین بس سروس کی سہولت ملنے سے شہریوں کو درپیش بے شمار سفری مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب حکومت کے ویژن کی عملی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت شہریوں کو آرام دہ، معیاری اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی حمزہ کیانی کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرک بس سروس کے آغاز سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو ایک پرسکون، محفوظ اور جدید ٹرانسپورٹ نظام میسر آئے گا، جو جہلم کے شہری ڈھانچے میں ایک مثبت اور دیرپا تبدیلی ثابت ہوگا۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ گرین بس سروس کو جلد از جلد مؤثر انداز میں فعال بنایا جائے گا تاکہ عوام اس جدید سفری سہولت سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔
0






