جعلی سگریٹ بنانے والوں کے خلاف بڑی کارروائی — جہلم میں لاکھوں مالیت کا سامان قبضے میں
جہلم (مرزا عبدالجبار بیگ)ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، عمر شیر چٹھہ کی خصوصی ہدایت پر جعلی سگریٹ مافیا کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن جہلم کے متحرک انسپکٹر مدثر رضا گوندل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سگریٹ بنانے اور فروخت کرنے والے گروہ کے گودام پر کامیاب چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے جعلی سگریٹ، برآمد کئے گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ گروہ مختلف شہروں میں جعلی برانڈ کے سگریٹ تیار کرکے مارکیٹ میں فروخت کر رہا تھا، جس سے نہ صرف قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا تھا بلکہ عوام کی صحت بھی شدید خطرے میں تھی۔
انسپکٹر مدثر رضا گوندل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی سگریٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں موجود نیٹ ورک کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور مزید چھاپوں کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے کامیاب کارروائی پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت، حکومتی محصولات اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے ایسی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ گودام مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جعلی مصنوعات کے خلاف جاری مہم میں ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔






