پنجاب میں 28 سے 30 جون تک بینک کھلے رکھنے کا فیصلہ، ٹیکس دہندگان کے لیے خصوصی اقدامات
جہلم(مرزا عبدالجباربیگ)جہلم ای ٹی او ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس جہلم ڈاکٹر منور حسین نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 26 جون 2025 – محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول، پنجاب نے ٹیکس وصولیوں کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور نیشنل بینک آف پاکستان کی متعلقہ برانچز کو 28 جون بروز ہفتہ، 29 جون بروز اتوار اور 30 جون بروز پیر 2025 کو رات 12 بجے تک کھلا رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، پنجاب کی جانب سے جاری کردہ سرکلر نمبر 1-I/Circular(2018)E-IV/249 کے مطابق، یہ فیصلہ اس بنیاد پر کیا گیا ہے کہ زیادہ تر ٹیکس دہندگان مقررہ وقت کے اختتام پر ٹیکس جمع کرواتے ہیں، جس کے باعث بینک برانچز کا کھلا رہنا انتہائی ضروری ہے۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس وصولی کے لیے فیلڈ فارمیشنز کی جانب سے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سرکاری محصولات اکٹھے کیے جا سکیں۔ اسی سلسلے میں اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کی تمام متعلقہ برانچز کو 30 جون کو بھی رات 12 بجے تک کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمے کی جانب سے تمام ڈائریکٹرز، بینکنگ ریگولیٹری حکام اور متعلقہ دفاتر کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس حکم پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ ٹیکس دہندگان کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اعلیٰ سطح پر جاری کی گئی اس ہدایت پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز فیصل شہزاد سندھو کی دستخط شدہ سرکاری دستاویز تمام متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی گئی ہے۔






