0

جہلم میں سی سی ڈی ٹیم کی بڑی کارروائی، خطرناک ملزم مبین شوکت فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک

جہلم میں سی سی ڈی ٹیم کی بڑی کارروائی، خطرناک ملزم مبین شوکت فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک

جہلم (مرزا عبدالجبار بیگ) تھانہ سوہاوہ کے علاقے میں سی سی ڈی ٹیم نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران خطرناک اشتہاری مجرم مبین شوکت کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔ مبین شوکت پولیس کو دہشت گردی، ڈکیتی، راہزنی، مزاحمت پولیس، منشیات اور جنسی جرائم سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔اطلاعات کے مطابق، سی سی ڈی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لہری اڈہ کے قریب کارروائی کی۔ اس دوران مبین شوکت کے مسلح گروہ نے سی سی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں مبین شوکت شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق، مبین شوکت نہ صرف جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث تھا بلکہ علاقہ ترکی جوڑ سوہاوہ میں مقیم غریب خواتین کو ان کے گھروں میں زبردستی زیادتی کا نشانہ بناتا تھا۔ تاہم، مقامی لوگ اس کے خوف سے پولیس کو اطلاع دینے سے گریزاں تھے۔ ملزم کا اصل تعلق شیخوپورہ سے تھا مگر وہ حالیہ برسوں میں سوہاوہ کے علاقے میں سرگرم تھا۔
سی سی ڈی ٹیم نے موقع پر سے ملزم کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کیا۔ ملزم کے دیگر ساتھی فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ مقامی لوگوں نے بھی سی سی ڈی ٹیم کی اس جرأت مندانہ کارروائی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں