کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کا جہلم میں مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، عیدالاضحی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار
جہلم (مرزا عبدالجباربیگ)کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر امن و امان، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے کمشنر کو کنٹرول روم کی کارکردگی اور عید سے متعلق جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قربانی کے جانوروں کی باقیات کی بروقت تلفی، شہر میں صفائی کی صورتحال، شکایات کے ازالے اور دیگر اہم پہلوؤں پر مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔
کمشنر راولپنڈی نے کنٹرول روم کی فعالیت، کوآرڈینیشن اور خدمات کے معیار کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے کے لیے ایسے مربوط نظام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
اس موقع پر کمشنر راولپنڈی نے افسران کو ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں خدمات کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے اور عوامی شکایات پر فوری ردِعمل دیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔






