مشین محلہ جہلم میں ڈکیتی کی واردات بہادر ملازم نے ناکام بنا دی – پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
جہلم (ایم سلطان آغا ) – مشین محلہ جہلم میں آج صبح ساجد دودھ دہی ملک شاپ پر ڈکیتی کی کوشش اس وقت ناکام بنا دی گئی جب دکان کا ایک بہادر ملازم بروقت حرکت میں آیا اور جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکو کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح ڈاکو دکان میں داخل ہوا اور رقم لوٹنے کی کوشش کی، تاہم دکان پر موجود بہادر ملازم نے مزاحمت کی اور ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔ واردات کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، لیکن اس واقعے نے پولیس کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ تھانہ سٹی کی حدود میں اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ کار چوری، موبائل چھیننے اور دیگر جرائم کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں اکثر وارداتیں حل نہیں ہو سکیں۔ شہری حلقوں اور سماجی و سیاسی رہنماؤں نے پولیس کی مسلسل ناکامیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تھانہ سٹی کے عملے کو فوری طور پر تبدیل کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے، جس میں ملزم کی حرکات واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ عوامی مطالبہ ہے کہ پولیس سیف سٹی کیمروں اور موجودہ فوٹیج سے مدد لیتے ہوئے ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرے، تاکہ شہریوں میں دوبارہ اعتماد بحال ہو۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس اس واقعے کو سنجیدگی سے لے کر جدید طریقۂ تفتیش اپناتی ہے یا روایتی انداز میں “مٹی پاؤ” پالیسی پر عمل پیرا رہتی ہے۔






