جنرل عاصم منیر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پا گئے، ایئر چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع
اسلام آباد(طلہ راجہ )حکومتِ پاکستان نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعلیٰ عسکری عہدے پر ترقی دے دی ہے۔ اس اہم فیصلے کا اعلان منگل کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق، جنرل عاصم منیر کو یہ اعزاز آپریشن “بنیان مرصوص” میں ان کی دلیرانہ قیادت، اعلیٰ عسکری حکمتِ عملی اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے معرکہ حق میں دشمن کو مؤثر طور پر شکست دی اور مسلح افواج کو بہترین انداز میں ہم آہنگ کیا۔
کابینہ نے اس موقع پر کہا کہ جنرل عاصم منیر کی مثالی جرات، عزم اور قیادت کی بدولت پاکستان نے جنگی محاذ پر تاریخی کامیابی حاصل کی۔
علاوہ ازیں، حکومت نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو مدتِ ملازمت پوری ہونے کے بعد بھی اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ ایئر چیف کی قیادت میں پاکستان ایئرفورس کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔
یہ اہم عسکری فیصلے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ چار روزہ کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آئے ہیں، جس میں پاکستان نے مؤثر دفاعی حکمتِ عملی کے ذریعے اپنی سرزمین کا کامیابی سے دفاع کیا۔






