جہلم(عابد محمود چوہدری)جہلم یوم تشکر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر قیادت ڈی سی آفس تا پریس کلب ریلی کا انعقاد۔ ریلی میں ضلعی افسران سماجی شخصیات طلبہ و طالبات اور تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی بھرپور شرکت۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم تشکر کے موقع پر ضلع جہلم میں ڈی سی افس تا پریس کلب ایک خصوصی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس ، اے ڈی سی جی صبا سحر ، اے ڈی سی آر ثانیہ صفی ، اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمن نے کی ۔ ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران ، سکولوں کالجوں کے طلبہ و طالبات اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمنوں نے ہمیشہ کی طرح بزدلانہ کارروائی کرکے وطن عزیز کو نقصان پہنچانے کا خواب دیکھا جس کو پاک فوج کے جوانوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ملیا میٹ کر دیا ۔ پاک فوج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیئے اس عظیم کامیابی پر پوری قوم آج یوم تشکر منا رہی ہے آج کے دن ہم یہ عزم کرتے ہیں کہ وطن عزیز کی خاطر کسی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کریں گے اور ہر موقع پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔ ریلی کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
0- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






