سرائے عالمگیر: کار نہر میں جاگری — جہلم کے ایک ہی خاندان کی 4 خواتین جاں بحق، 7 ماہ کی بچی لاپتہ
سرائے عالمگیر (الیاس صادق وٹو) سرائے عالمگیر سے ہیڈ رسول منڈی بہاؤالدین جاتے ہوئے المناک ٹریفک حادثے میں جہلم کے رہائشی ایک ہی خاندان کی 4 خواتین جاں بحق جبکہ 7 ماہ کی کم سن بچی انابیہ نہر میں ڈوب کر لاپتہ ہو گئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار کا ٹائر پھٹنے سے گاڑی بے قابو ہو کر نہر میں جا گری۔
تفصیلات کے مطابق، ایک آلٹو کار میں سوار ایک ہی خاندان کی 5 خواتین اور ایک کم سن بچی سٹی ہاؤسنگ اسکیم جہلم سے ہیڈ رسول منڈی بہاؤالدین جا رہے تھے کہ سرائے عالمگیر کے قریب کار کا ٹائر اچانک برسٹ ہو گیا۔ نتیجتاً گاڑی بے قابو ہو کر نہر میں جا گری۔
گاڑی میں سوار 40 سالہ خاتون عائشہ اپنی مدد آپ کے تحت نہر سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئیں، تاہم باقی خواتین اور کمسن بچی گاڑی میں پھنس گئیں۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو نہر سے نکالا اور خواتین کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سرائے عالمگیر منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
جاں بحق خواتین کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
1. سمیرا ثاقب زوجہ ثاقب ، عمر 40 سال
2. نغمہ بی بی زوجہ ندیم، عمر 42 سال
3. شاہدہ ایوب زوجہ ایوب، عمر 50 سال
4. عطیہ زوجہ خالد محمود، عمر 20 سال
5. انابیہ دختر خالد محمود، عمر 7 ماہ — ڈوب کر لاپتہ
تمام متاثرین کا تعلق سٹی ہاؤسنگ اسکیم، جہلم سے ہے اور وہ آپس میں قریبی رشتہ دار تھے۔
واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی ہے اور متاثرہ خاندان میں کہرام برپا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اب بھی 7 ماہ کی لاپتہ بچی انابیہ کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ مقامی پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔






