جہلم کے سرکاری اسکولوں میں بھارت کی شکست پر یومِ تشکر، اساتذہ و طلباء کا جوش و خروش دیدنی

جہلم (مرزا عبدالجبار بیگ) ملک بھر کی طرح ضلع جہلم کے سرکاری اسکولوں میں بھی بھارت کو عبرتناک شکست دینے کے بعد یومِ تشکر منایا گیا۔ اس موقع پر گورنمنٹ ہائ سکول جہلم میں خصوصی تقاریب، ملی نغمے، تقاریر اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ اساتذہ اور طلباء نے قومی پرچم تھامے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
گورنمنٹ ہائی اسکول جہلم میں یومِ تشکر کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں تمام اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے بعد اسکول کی مسجد میں شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے اور وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اس موقع پر سیئر ہیڈ ماسٹر مبشر احمد نے کہا:
“پاکستان کی فتح صرف ایک میچ جیتنے کی بات نہیں بلکہ یہ پوری قوم کے جذبے کی جیت ہے۔ ہمارے نوجوانوں نے ثابت کیا کہ وہ کسی بھی میدان میں دشمن کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔”
ڈپٹی ہیڈ ماسٹر مظہر حسین آصف نے کہا:
“یومِ تشکر منانا اس بات کی علامت ہے کہ ہم اپنی کامیابیوں پر اللہ کا شکر ادا کرنا جانتے ہیں۔ اس فتح نے قوم کے حوصلے بلند کر دیے ہیں، اور نوجوان نسل کو مزید محنت و لگن کا پیغام دیا ہے۔”
ایس ایس ٹی ٹیچر اعجاز احمد نے کہا:
“یہ کامیابی محض کھیل کا نتیجہ نہیں، بلکہ دشمن کے غرور کو توڑنے کا پیغام ہے۔ طلباء کو چاہیے کہ وہ اپنی تعلیم میں بھی اسی جذبے سے آگے بڑھیں تاکہ ہر میدان میں پاکستان کو سر بلند رکھ سکیں۔”
عربی ٹیچر علامہ راشد نقشبندی نے کہا:
“یہ دن شکرانے اور دعا کا دن ہے۔ ہم نے نہ صرف میدان میں کامیابی حاصل کی بلکہ دنیا کو دکھا دیا کہ ہماری قوم زندہ ہے، متحد ہے، اور اللہ پر یقین رکھتی ہے۔”
سینئر ٹیچر ابرار لون نے کہا:
“طلباء نے جس جوش و جذبے سے اس دن کو منایا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس قومی جذبے کو تعلیمی میدان میں بھی جاری رکھیں تاکہ آنے والا کل روشن ہو۔”
ڈسٹرکٹ سینئر آئی ٹی ٹیچر رابیل جاوید نے کہا:
“یہ فتح ہماری نئی نسل کے لیے ایک مثال ہے کہ محنت، اتحاد اور نیک نیتی سے ہر بڑی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ہم اپنی آئی ٹی تعلیم میں بھی ایسی ہی کامیابیاں چاہتے ہیں، تاکہ پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی بھارت کو پیچھے چھوڑ دے۔”
تقریبات کا اختتام دعاؤں، جذبے اور ایک نئے عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان ہمیشہ دشمنوں پر غالب رہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔






