ملک کے مختلف حصوں میں ڈرون اور میزائل حملوں کی کوششیں، سیکیورٹی فورسز کا بروقت ردعمل — متعدد انٹرسیپشنز، LOC پر کشیدگی میں اضافہ
اسلام آباد (آغا سلطان جاوید ملک )ملک کے مختلف علاقوں میں دشمن عناصر کی جانب سے مشتبہ ڈرون اور میزائل حملوں کی کوششیں کی گئیں جنہیں پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق پشاور، واہ کینٹ، پبی اور کھاریاں جیسے حساس علاقوں میں دفاعی نظام نے کئی ڈرونز کو کامیابی سے انٹرسیپٹ کیا۔
پشاور میں دفاعی فضائی نظام کی مدد سے کم از کم ایک مشتبہ ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور صورتحال قابو میں ہے۔
اسی طرح واہ کینٹ کے علاقے میں بھی ایک میزائل یا ڈرون نما مشتبہ پرزے کو فضا میں ہی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ اہل علاقہ کو دھماکے کی آواز سنائی دی، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ادھر پبی اور کھاریاں میں بھی فضائی نگرانی کے دوران دشمن کے ڈرونز کو انٹرسیپٹ کیا گیا۔ ان علاقوں میں بھی فوری حفاظتی اقدامات کیے گئے اور ممکنہ خطرات کو مکمل طور پر ناکام بنایا گیا۔
دوسری جانب کشمیر کے حساس محاذ لائن آف کنٹرول (LOC) پر بھی فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔ تازہ جھڑپوں کے دوران دشمن فورسز کی جانب سے اشتعال انگیزی کی گئی جس کا پاکستانی فوج نے بھرپور جواب دیا۔ فوجی ذرائع کے مطابق دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
ان تمام واقعات کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ پاک فضائیہ اور آرمی ایوی ایشن کے یونٹس مکمل چوکنا ہیں جبکہ دفاعی ادارے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔






