جہلم: ناجائز اسلحہ کی نمائش اور تیز رفتاری پر 6 افراد گرفتار
جہلم (ایم سلطان)
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر تھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ کی نمائش، ناجائز اسلحہ رکھنے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے الزامات میں 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق، ملزمان عتیق ظفر، شاہد انجم، حامد علی اور عارف اللہ کو عوامی مقام پر اسلحہ کی نمائش کرنے پر گرفتار کیا گیا، جبکہ ملزم نثار کو ایک ناجائز 223 بور رائفل بمع ایمونیشن رکھنے پر حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ، ملزم محمد فرحان کو تیز رفتاری سے گاڑی چلانے پر گرفتار کیا گیا۔
ملزمان نے شاہراہِ عام پر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسلحہ کی نمائش کی اور عوام میں خوف و ہراس پھیلایا۔ تمام ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔






